سٹاف رپورٹر
کوئٹہ :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صفا کوئٹہ پروگرام کے تحت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں تجاوزات کے خلاف مؤثر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میونسپل قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ علاقوں میں مجسٹریٹس کی تقرری کی جائے گی۔ اجلاس کو کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے تفصیلی بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ شہر بھر میں قبضہ مافیاز کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور سرکاری اراضی و پراپرٹیز کو واگزار کروایا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انسداد تجاوزات مہم کو تیز کیا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ شہری سہولیات جیسے نکاسی آب، کوڑاکرکٹ کی صفائی اور ٹریفک کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور کوئٹہ شہر کو جدید، صاف، اور منظم شہری سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔ تجاوزات شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث ہیں، اور اس ضمن میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے عوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کیا جائے گا، تاکہ وہ شہر کی بہتری کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کردار ادا کریں۔
"شہریوں کے تعاون سے کوئٹہ کو ایک مثالی اور خوبصورت شہر بنایا جائے گا،” وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے عزم کا اظہار کیا۔