سردار محمد خوندی
چمن میں پرانے تبلیغی مرکز کے سامنے نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے لیویز فورس کے دو اہلکار زخمی ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے لیویز کی فیلکن گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اہلکار عصمت اور عباس زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال چمن منتقل کیا گیا، جہاں ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
مقامی لوگوں میں اس واقعے کے بعد تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جب کہ سیکیورٹی حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔