سٹاف رپورٹر
کوئٹہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ناروے کے قائم مقام سفیر تھامس ایس ڈاہل نے آج کوئٹہ میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، ترقیاتی تعاون اور گورننس کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے صوبے میں گورننس کو مؤثر بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ اُن کا کہنا تھا کہ شفافیت، میرٹ اور قانون کی بالادستی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ نے انسانی وسائل کی ترقی، تعلیم اور صحت جیسے اہم شعبوں میں بہتری کے لیے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اب ترقی اور امن کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے، اور عالمی شراکت داروں کے تعاون سے ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا جا رہا ہے۔
ملاقات میں صوبے میں دیرپا امن کے قیام اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان کی بہتری کے بغیر ترقی ممکن نہیں، اور حکومت اس حوالے سے مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
ناروے کے قائم مقام سفیر نے صوبائی حکومت کی اصلاحاتی کوششوں کو سراہتے ہوئے تعلیم، صحت اور سماجی بہبود کے منصوبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، اور دونوں فریقین نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔