مانیٹرنگ ڈیسک
واشنگٹن ڈی سی چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی نہ صرف ترسیلات زر کے ذریعے بلکہ سرمایہ کاری اور مثبت تشہیر کے ذریعے بھی وطنِ عزیز کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ بات انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کے دوران کہی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر اس وقت امریکا کے سرکاری دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بڑی تعداد میں کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی اور افواجِ پاکستان کے کردار کو سراہا۔
آرمی چیف نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں اور ان کا جذبہ حب الوطنی قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں نے ہمیشہ وطن سے اپنا رشتہ مضبوط رکھا ہے اور ہر مشکل وقت میں ملک کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش معاشی اور سماجی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں کے درمیان مربوط تعلقات اور اعتماد کا ماحول قائم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے لیے مل جل کر کام کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ ترقی کے سفر میں سمندر پار پاکستانی ایک قیمتی اثاثہ ہیں جن کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔
یہ ملاقات نہ صرف اعتماد سازی کا ذریعہ بنی بلکہ اس سے واضح پیغام بھی گیا کہ افواجِ پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں اور ان سے روابط کو مزید مضبوط بنانے کی خواہاں ہے۔