نمائندہ بارکھان
بلو چستان بارکھان کے علاقے رکھنی میں پیر کے روز ایک زوردار دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ کم از کم 10 افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کا تعلق پنجاب کے علاقے سخی سرور سے تھا۔
دھماکہ مصروف علاقے میں ہوا، جس سے قریبی دکانوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت اور ہدف کے بارے میں حتمی معلومات فراہم نہیں کی گئیں، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ ہو سکتا ہے۔