سٹاف رپورٹر
پولیس حکام کے کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس پر واقع بروری چوک کے قریب زور دار دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں ایک شخص موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا، جبکہ متعدد زخمیوں کو فوری طور پر بی ایم سی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی موقع پر موجود ہے اور دھماکے کی نوعیت معلوم کی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ دور دور تک اس کی آواز سنی گئی، جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
اب تک کسی تنظیم نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں، اور ابتدائی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔