منان مندوخیل
کوئٹہ: بلوچستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے سات روزہ مہم کا آغاز پیر، 26 مئی 2025 سے ہو رہا ہے۔ اس مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 26 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) بلوچستان کے کوآرڈینیٹر انعام الحق کے مطابق، مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے تاکہ ان کی قوت مدافعت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
مہم میں شرکت کے لیے صوبے بھر سے 11 ہزار 659 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 9 ہزار 129 موبائل ٹیمیں، 958 فکسڈ سینٹرز اور 586 ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔ متعلقہ حکام کے مطابق، تمام ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی تاکہ مہم محفوظ اور مؤثر انداز میں مکمل کی جا سکے۔
انعام الحق نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں اور ٹیموں سے مکمل تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیو وائرس اب بھی ماحول میں موجود ہے، اور اگر احتیاط نہ کی گئی تو یہ وائرس بچوں کو زندگی بھر کے لیے معذور کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی بچہ کسی وجہ سے قطرے پلانے سے رہ جائے، تو والدین فوری طور پر قریبی ہیلتھ سینٹر یا ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔
پولیو کے علاوہ اس مہم کے دوران بچوں کو خسرہ، نمونیہ اور دیگر مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے بھی فراہم کیے جائیں گے۔ ماہرین صحت، اساتذہ، علمائے کرام اور سول سوسائٹی سے مہم کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔