منان مندوخیل
کوئٹہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن اور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولٹین کارپوریشن کوئٹہ محمد حمزہ شفقات نے صوبائی دارالحکومت کی متعدد مصروف شاہراہوں کو "نو پارکنگ” اور "نو کارٹ زون” قرار دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشنز جاری کیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشنز کے مطابق، میونسپل سروسز رولز 1962 کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے درج ذیل علاقوں کو فوری طور پر "نو پارکنگ” اور "نو کارٹ (نوریڑھی) زون” قرار دیا گیا ہے:
1. قندھاری بازار سے منان چوک اور باچا خان چوک تک (نوٹیفکیشن نمبر: 3452/MCQ/2025)
2. لیاقت بازار (باچا خان چوک تا جنکشن چوک) (نوٹیفکیشن نمبر: 3453/MCQ/2025)
3. پرنس روڈ (سائنس کالج سے محفوظ مسجد چوک تک) (نوٹیفکیشن نمبر: 3454/MCQ/2025)
4. جوائنٹ روڈ (دوکانی بابا چوک سے چمن پھاٹک تک) (نوٹیفکیشن نمبر: 3455/MCQ/2025)
اس کے علاوہ، جناح روڈ کو شام کے اوقات میں صرف پیدل چلنے والوں کے لیے مخصوص کر دیا گیا ہے تاکہ رش کے اوقات میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کیا جا سکے اور عوام کی محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔
کمشنر کوئٹہ محمد حمزہ شفقات نے اس اقدام کو شہریوں، خریداروں اور رہائشیوں کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ "یہ فیصلہ ٹریفک کے ہجوم کو کم کرنے، رکاوٹوں کو دور کرنے، اور پیدل چلنے والوں کے لیے ایک محفوظ اور دوستانہ ماحول فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔”
انہوں نے دکانداروں، شہریوں اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی کہ وہ ان ہدایات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور شہر کو صاف، محفوظ اور منظم بنانے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
مزید براں، قانون نافذ کرنے والے ادارے، ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولٹین کارپوریشن کا عملہ ان اقدامات کی سخت نگرانی کرے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔