سٹاف رپورٹر
کوئٹہ: (13 مئی 2025) بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پیش آنے والے چار افراد کے بے رحمانہ قتل کے واقعے پر صوبائی حکومت کے ترجمان شائد رند نے شدید افسوس اور غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ حکومت کے ترجمان شاہد رند نے واقعے کو انسانیت کے خلاف ایک سنگین جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی درندگی ناقابل برداشت ہے۔
ترجمان کے مطابق، حکومت بلوچستان امن و امان کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور ایسے عناصر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا جو خطے کے امن کو تہہ و بالا کرنے کی کوشش کریں۔ شاہد رند کا کہنا تھا کہ حکومت قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کر رہی ہے۔
ترجمان نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید یقین دلایا کہ واقعے میں ملوث مجرموں کو جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔
نوشکی کا یہ واقعہ بلوچستان میں ایک بار پھر سیکیورٹی صورتحال کو اجاگر کرتا ہے، جس پر قابو پانے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی ادارے سرگرم عمل ہیں۔







