منان مندوخیل
کوئٹہ (12 مئی) — بلوچستان میں عوام کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا "گرین بس” منصوبہ تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) پر عملدرآمد کے جائزہ اجلاس میں منصوبے کی سست روی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے انکشاف کیا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود حکومت صرف 21 گرین بسیں بھی سڑکوں پر نہ لا سکی، جو کہ ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جون سے قبل گرین بسیں ہر صورت عوامی استعمال کے لیے دستیاب ہوں، بصورت دیگر تاخیر کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ کو ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی تاکید کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام محکمے جون سے پہلے اپنے جاری ترقیاتی منصوبے مکمل کریں اور سست رفتار اسکیموں کے فنڈز فعال منصوبوں کو منتقل کیے جائیں۔
گرین بس منصوبہ شہریوں کے لیے جدید، ماحول دوست اور سستی ٹرانسپورٹ کی امید ہے، جس کی بروقت تکمیل حکومت کی ترجیح ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تیز رفتار اقدامات ناگزیر ہیں۔