ویب ڈیسک
اسلام آباد
پاکستان کی عسکری قیادت نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ ملکی خودمختاری اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کے تحت مؤثر، بروقت اور منہ توڑ کارروائی کی۔ اس آپریشن کی قیادت چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کی۔
جنرل عاصم منیر نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ پاکستان کی سرزمین کی طرف بڑھنے والا ہر قدم بھرپور قوت سے روکا جائے گا، اور انہوں نے اپنا وعدہ پورا کر دکھایا۔ انہوں نے اپنی حالیہ تقریروں میں واضح کیا کہ پاکستانی قوم اور افواج ہر محاذ پر متحد اور سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ہیں۔
آرمی چیف نے قرآن مجید کی ایک آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "اللہ کی مدد سے کئی بار ایسا ہوا کہ قلیل تعداد نے کثیر تعداد پر غالب آکر فتح حاصل کی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتیں مکمل طور پر متحرک اور دشمن کے ہر وار کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ 13 لاکھ کی بھارتی فوج اور جدید ہتھیار ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتے۔ ہم نہ بھارت کی فوجی طاقت سے مرعوب ہوں گے، نہ اس کی چالاکیوں سے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھی کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور ہر جارحیت کا جواب وقت اور مقام پر دیا جائے گا۔