گوادر (ویب ڈیسک) — گوادر میں سید ہاشمی ایوینیو پر واقع بلال مسجد کے قریب دستی بم اور فائرنگ کے حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک حملہ آور مارا گیا، اور دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ حملہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کے رہائشی کوارٹرز کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، حملے کے بعد حملہ آور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے لگے، لیکن موقع پر موجود پولیس کانسٹیبل نے بہادری سے ایک حملہ آور کا تعاقب کیا۔ جوابی فائرنگ کے دوران شاہ جہان ولد محمد، سکنہ دشت، حال مقیم ٹی ٹی سی کالونی گوادر، مارا گیا، جبکہ دوسرا حملہ آور شہزاد ولد وحید، سکنہ بخشی کالونی گوادر، شدید زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔
اس دوران پولیس اہلکار محمد خماری جام شہادت نوش کر گئے۔
واقعے میں مظفرگڑھ سے تعلق رکھنے والے تین افراد — عبدالغفار، نوید احمد اور انور — معمولی زخمی ہوئے۔
حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ شہر میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے