مانیٹرنگ ڈیسک
اسلام آباد – 7 مئی 2025:
وفاقی حکومت نے پاک-بھارت کشیدگی کے پیش نظر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صارفین اب ملک بھر میں بغیر وی پی این کے ایکس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ایکس کو فروری 2024 میں عام انتخابات کے کچھ دن بعد نگران حکومت نے بند کر دیا تھا۔ اس فیصلے پر شہریوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید ردِ عمل دیا تھا اور عدالتوں میں درخواستیں بھی دائر کی گئی تھیں۔
ایکس کی بحالی کے فوری بعد پاکستانی صارفین نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے حب الوطنی پر مبنی ہیش ٹیگز کو ٹاپ ٹرینڈ بنا دیا۔ #پاکستان_زندہ_باد اور #سندور_بن_گیا_تندور جیسے ہیش ٹیگز چند گھنٹوں میں لاکھوں پوسٹس کے ساتھ ٹاپ پر آ گئے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کی بحالی کا مقصد عوام کو اطلاعات تک بروقت رسائی دینا اور قومی بیانیے کو مضبوط بنانا ہے، خاص طور پر موجودہ علاقائی صورتحال میں۔
اس فیصلے کے بعد ایکس استعمال کرنے والے تقریباً 45 لاکھ پاکستانی صارفین کو بڑی سہولت حاصل ہو گئی ہے، جو طویل عرصے سے اس پلیٹ فارم تک رسائی کے منتظر تھے۔