سید علی شاہ/ منان مندوخیل
کوئٹہ ، بلوچستان اسمبلی میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی، سرحدی خلاف ورزیوں اور معصوم پاکستانیوں کے قتلِ عام کے خلاف ایک اہم قرارداد رکنِ صوبائی اسمبلی بخٹ محمد کاکڑ کی جانب سے پیش کی گئی، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
قرارداد کی حمایت میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر صر فراز بگٹی، اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی اور اراکینِ اسمبلی زبید ریکی، ظفر آغا، جمعیت علمائے اسلام اقلیتی رکن روی پہوجا، حق دو تحریک کے مولانا ہدایت الرحمان ، غلام دستگیر بادینی، سردار عبدالرحمان، سردار عبدالرحمان کھیتران اور اصغر ترین نے بھارت کو سخت پیغام دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، امن اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
اصغر ترین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے بھارت کو چند گھنٹوں کے اندر مؤثر جواب دیا اور اس کے رافیل طیاروں کو نشانہ بنا کر یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان نہ صرف دفاعی طاقت رکھتا ہے بلکہ دشمن کے ہر حملے کا جواب دینا جانتا ہے۔
ایوان کے تمام اراکین نے بھارت کی جانب سے دہشتگردوں کی پشت پناہی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کی ریاستی دہشتگردی پر فوری نوٹس لے اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔
بلوچستان اسمبلی کی اس متفقہ قرارداد نے ملک بھر کی اسمبلیوں اور عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے دشمن کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان متحد ہے اور کسی بھی جارحیت کے خلاف ہر سطح پر مزاحمت کرے گا۔