حاجی طیب یلانزئی
نوشکی: نوشکی بس اڈے کے قریب آئل ٹینکر میں آگ لگنے کے دلخراش واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی، جبکہ 50 سے زائد افراد اس وقت کوئٹہ اور کراچی کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں سے ایک درجن کے قریب مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق 13 جانبحق افراد میں سے 12 کو نوشکی کے مختلف علاقوں میں سپرد خاک کیا گیا، جبکہ ایک ڈرائیور کو پنچپائی میں دفنایا گیا۔ جاں بحق افراد میں میونسپل کمیٹی نوشکی کے دو ملازمین بھی شامل تھے، جو شدید جھلسنے کے باعث دوران علاج دم توڑ گئے۔
زخمیوں کو کوئٹہ کے برن سینٹر، سی ایم ایچ، اور آریا اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ 18 کے قریب شدید زخمی مریض کراچی کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور ان کا علاج ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔
اس اندوہناک واقعے نے شہریوں کو غمزدہ کر دیا ہے اور آئل ٹینکروں کی نقل و حمل سے متعلق حفاظتی انتظامات پر سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔