مانیٹرنگ ڈیسک
اسلام آباد: اپریل 2025 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جس کی تصدیق پاکستان ادارہ شماریات (PBS) نے اپنے تازہ ترین اعداد و شمار میں کی ہے۔
کور انفلیشن، جس میں خوراک اور توانائی کی قیمتوں کو شامل نہیں کیا جاتا، اپریل میں 0.3 فیصد کم ہوئی۔ اس سے قبل مارچ میں اس میں 0.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ شہری علاقوں میں سالانہ کور انفلیشن 7.4 فیصد تک گر گئی، جو مارچ میں 8.2 فیصد اور اپریل 2024 میں 13.1 فیصد تھی۔
کنزیومر پرائس انڈیکس (CPI) کی بنیاد پر عمومی مہنگائی ماہانہ طور پر 0.8 فیصد کم ہوئی جبکہ سالانہ شرح محض 0.5 فیصد رہی، جو گزشتہ سال اپریل میں 17.3 فیصد تھی۔
شہری علاقوں میں مہنگائی ماہانہ بنیاد پر 0.7 فیصد اور دیہی علاقوں میں 1.0 فیصد کم ہوئی۔ دیہی علاقوں میں سالانہ مہنگائی میں 0.1 فیصد کی معمولی کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔
حساس قیمت انڈیکس (SPI) میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی، جو اپریل میں ماہانہ 1.7 فیصد اور سالانہ 3.2 فیصد کم ہوئی۔ یاد رہے کہ اپریل 2024 میں SPI کی سالانہ شرح 21.6 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔
اسی طرح تھوک قیمتوں پر مبنی افراط زر (WPI) میں بھی اپریل 2025 کے دوران 2.2 فیصد کی کمی نوٹ کی گئی، جو مارچ میں 1.6 فیصد تھی۔
ماہرینِ معیشت اس کمی کو مالیاتی نظم و ضبط، روپے کی قدر میں بہتری اور عالمی سطح پر اشیائے صرف کی قیمتوں میں نرمی کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو عام صارفین کو مہنگائی سے مزید ریلیف مل سکتا ہے۔