سٹاف رپورٹر
کراچی – نوشکی واقعے کے زخمی کراچی میں زیرِ علاج رہنے کے بعد جانبر نہ ہو سکے۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق لیاقت نیشنل اسپتال میں زیرِ علاج پانچ زخمی گزشتہ رات دم توڑ گئے، جبکہ چھٹا زخمی تنویر آج صبح جاں بحق ہو گیا۔
جاں بحق افراد کی شناخت عبدالباسط، مصطفیٰ، در محمد، سلمان، عزیر اور تنویر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ بلوچستان حکومت نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق جاں بحق افراد کی میتیں مرحلہ وار نوشکی روانہ کی جا رہی ہیں، جس کے لیے ایمبولینسز روانہ کر دی گئی ہیں۔ محکمہ صحت بلوچستان کے اہلکار بھی عملے کے ہمراہ روانہ ہوئے ہیں جبکہ ایدھی فاؤنڈیشن کی دو ایمبولینسز بھی اس عمل میں شامل ہیں۔