ریاض بلوچ ، حاجی طیب یلانزئی ے
نوشکی ضلع میں پیر کے روز ایک آئل ٹینکر کے دھماکے کے نتیجے میں 40 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ اسپتال اور پولیس ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 9 افراد کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں فوری طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایمبولینسز کی کمی کے باعث متعدد زخمیوں کو نجی گاڑیوں کے ذریعے کوئٹہ لے جایا گیا۔
حادثے میں ڈی ایس پی نوشکی شریف بڑیچ اور فائر بریگیڈ کے عملے کے ارکان بھی زخمی ہوئے، جو آگ بجھانے کی کوشش کے دوران جھلس گئے۔ ریسکیو کارروائی کے دوران ایک فائربریگیڈ کی گاڑی بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔
زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے سول ہسپتال نوشکی کے ٹراما سینٹر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور تمام زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
یہ خبر تاحال جاری ہے، مزید تفصیلات آنے پر اپڈیٹ فراہم کی جائے گی