سٹاف رپورٹر
کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقےمارگٹ میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 4 سیکورٹی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب بم ڈسپوزل اسکواڈ علاقے میں معمول کے چیکنگ مشن پر تھا۔ دھماکہ انتہائی زور دار تھا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
واقعے کے فوراً بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔
سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر امن عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز ایسے عناصر کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گی۔