منان مندوخیل
کوئٹہ میں نان کی قیمت میں 10 روپے کمی کے بعد نانبائی ایسوسی ایشن نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو منگل سے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔
نانبائی ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 26 سال سے نان کی قیمت پر کنٹرول جاری ہے جبکہ آٹے، گیس، کرایے اور دیگر اخراجات میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حالیہ فیصلہ، جس میں نان کی قیمت 10 روپے کم کر دی گئی، سراسر ناانصافی ہے اور اس سے نانبائی برادری کو شدید مالی نقصان ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں تقریباً 200 کے قریب تندور متاثر ہو رہے ہیں اور اگر صورتحال یہی رہی تو وہ مجبوری میں منگل سے ہڑتال کریں گے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد نے اس معاملے پر مؤقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ:
> "ملک بھر میں گندم کی قیمتوں میں کمی کے بعد ہم نے تفصیلی جائزے کے بعد نان کی نئی قیمتیں جاری کی ہیں، تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔”
انہوں نے کہا کہ قیمتوں کا تعین میرٹ پر کیا گیا ہے اور تمام فریقین سے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں۔
نانبائی ایسوسی ایشن نے انتظامیہ سے فوری مذاکرات کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر نرخوں پر نظرثانی نہ کی گئی تو منگل سے شہر بھر میں تندور بند کر دیے جائیں گے،