فائل فوٹو: وفاقی وزیر احسن اقبال اور وزیر اعلیٰ بلوچستان۔

 

  کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر): وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال جمعہ کے روز کوئٹہ پہنچے، جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے کچھی کینال سمیت صوبے میں جاری اہم ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ بات چیت میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان میں ترقیاتی عمل کو شفاف، پائیدار اور تیز رفتار بنانے کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی رابطہ ناگزیر ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزراء بخت محمد کاکڑ، عاصم کرد گیلو اور پارلیمانی سیکرٹری میر زرین خان مگسی بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کو اولین ترجیح دیتی ہے اور تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ عوامی فلاح کے منصوبے مؤثر انداز میں مکمل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھی کینال جیسے منصوبے نہ صرف زرعی ترقی بلکہ روزگار کے مواقع میں اضافے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر کے تعاون اور دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی عمل میں وفاقی شراکت قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جاری منصوبے عوامی فلاح و بہبود کی سمت میں عملی قدم ہیں جن سے صوبے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ موثر منصوبہ بندی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور گڈ گورننس کے ذریعے ہی بلوچستان کو قومی ترقی کی دوڑ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومت کی مشترکہ کاوشوں سے صوبے کے مسائل کا دیرپا حل ممکن ہے اور ہم اس سمت میں سنجیدگی سے پیش قدمی کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

About the Author

Quetta Voice is an English Daily covering all unfolding political, economic and social issues relating to Balochistan, Pakistan's largest province in terms of area. QV's main focus is on stories related to education, promotion of quality education and publishing reports about out of school children in the province. QV has also a vigilant eye on health, climate change and other key sectors.