نیوز ڈیسک
کوئٹہ : بولان میڈیکل یونیورسٹی میں منعقد ہونے والے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT 2025) کے دوران ایک بڑا انکشاف سامنے آیا ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شبیر لہڑی کے مطابق، آٹھ جعلی امیدوار پکڑے گئے جو اصلی طلبہ کی جگہ امتحان دینے کی کوشش کر رہے تھے۔
ڈاکٹر شبیر لہڑی نے بتایا کہ ان جعلی امیدواروں کے خلاف ایئرپورٹ تھانے میں مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ امیدوار پنجاب اور سندھ سے ہائر کیے گئے تھے تاکہ اصلی امیدواروں کی جگہ ایم ڈی کیٹ امتحان دے سکیں۔
وائس چانسلر نے مزید کہا کہ کوئٹہ میں ایم ڈی کیٹ 2025 کا انعقاد مجموعی طور پر پرامن اور منظم انداز میں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ ایم ڈی کیٹ کے نتائج آئندہ پانچ دنوں کے اندر باضابطہ طور پر جاری کر دیے جائیں گے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ 2025 کے امتحانات جاری ہیں اور متعلقہ حکام داخلہ کے عمل میں شفافیت اور منصفانہ نظام یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کر رہے ہیں۔







