ویب ڈیسک
کراچی (3 جون 2025)
ملیر جیل میں شدید ہنگامہ آرائی کے دوران 218 قیدی فرار ہوگئے، جن میں سے اب تک 80 کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔ جیل انتظامیہ کے مطابق، زلزلے کے خدشے کے پیش نظر قیدیوں کو بیرکوں سے باہر نکالا گیا، جس کے دوران جیل کے گیٹ پر 700 سے زائد قیدی جمع ہوگئے۔
ہنگامہ آرائی کے دوران ایک قیدی ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے، جبکہ 3 ایف سی اہلکار اور 2 جیل پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ قیدیوں نے پولیس سے اسلحہ چھین لیا اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس، رینجرز اور ایف سی نے جیل کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور اطراف میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
وزیر داخلہ سندھ، آئی جی جیل خانہ جات اور ڈی آئی جی جیل نے موقع کا معائنہ کیا، جبکہ ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد شمریز نے بھی جیل کا دورہ کیا۔ بغاوت پر قابو پانے میں ایس ایس یو اور ایف سی نے کلیدی کردار ادا کیا۔