قسیم شاہ
قلعہ عبداللہ — محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلوچستان کی جانب سے منشیات کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ گلستان کے مختلف علاقوں میں کینابس ایلیمینیشن مہم (Cannabis Elimination Campaign) کے تحت اب تک 2054 ایکڑ غیر قانونی منشیاتی فصل کو تلف کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گلستان کاریز اور ساگئی کے علاقوں میں دو روزہ آپریشن کے دوران 310 ایکڑ رقبہ منشیات سے پاک کردیا گیا۔ محکمہ ایکسائز اور اے این ایف (Anti-Narcotics Force) کی مشترکہ کارروائیوں میں جدید ڈرون ٹیکنالوجی اور مشینری استعمال کی گئی۔
محکمے کے ترجمان کے مطابق، کارروائی کے دوران 270 ایکڑ رقبے کی فصل ٹیموں نے تلف کی جبکہ 40 ایکڑ پانی کی کمی کے باعث خود ختم ہوگئی۔ اب تک 21 مقدمات درج کیے جاچکے ہیں جن میں سے دو نئے کیسز حالیہ آپریشن میں شامل ہیں۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلوچستان کا کہنا ہے کہ منشیات کی غیر قانونی کاشت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔







