سٹاف رپورٹر
وڈھ بلوچستان کے علاقے وڈھ میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر بسوں کی معمول کی چیکنگ کے دوران ایک مسافر کی جانب سے فائرنگ کے واقعے میں ایک سیکیورٹی اہلکار زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز وڈھ کے داخلی راستے پر معمول کے مطابق مسافر بسوں کی تلاشی لے رہی تھیں کہ اسی دوران ایک مسافر نے اچانک فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار کو گولی لگی۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق حملہ آور کے پاس سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آور کے محرکات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔