کوئٹہ:(سٹاف رپورٹر )
ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوآرڈینیٹر انعام الحق نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر میں پولیو سے بچاؤ کی سات روزہ مہم 21 اپریل 2025 سے شروع کی جائے گی۔ اس مہم کے دوران 26 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انعام الحق کا کہنا تھا کہ مہم کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر کوئی بچہ پولیو قطرے پینے سے رہ جائے تو والدین فوری طور پر ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔
پولیو ٹیموں کے حوالے سے بتایا گیا کہ مہم میں 11 ہزار 610 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں 9,128 موبائل، 976 فکسڈ سائٹس اور 586 ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔ انعام الحق نے سول سوسائٹی، اساتذہ اور علمائے کرام سے بھی تعاون کی اپیل کی تاکہ پولیو کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے
—