خضدار: ایس بی کے بھرتیوں میں بے ضابطگیاں، ڈی ای او کا انکار

:نیوز ڈیسک
خضدار میں حالیہ ایس بی کے تحت حکومت کی بھرتیوں کے لیے سنگین بے ضابطگیوں اور اقربا پروری کے سامنے آئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) عابد حسین پر الزام ہے کہ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور کمشنر قلات ڈویژن کے واضح احکامات کو نظرانداز کرتے ہوئے بھرتیوں میں غیر شفاف رویہ اختیار کیا۔

متاثرہ امیدواروں نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈی ای او نے جعلی لوکل ڈومیسائل اور بغیر بی ایڈ قابلیت رکھنے والے افراد کو بھرتی کیا، جن میں سے کئی مبینہ طور پر ان کے قریبی رشتہ دار یا مالی مفاد سے جڑے افراد ہیں۔ متاثرین نے اس معاملے پر ڈپٹی کمشنر خضدار، کمشنر قلات ڈویژن اور وزیراعلیٰ شکایتی پورٹل پر تحریری شکایات جمع کرائی ہیں۔

ذرائع کے مطابق، کمشنر قلات ڈویژن نے اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ای او کی بے ضابطگیوں پر مشتمل تفصیلی منٹس آف میٹنگ تیار کر کے سیکریٹری ایجوکیشن کو ارسال کر دیے تھے، جو تاحال کمشنر آفس میں موجود ہیں۔

مزید برآں، متاثرہ امیدواروں سے وزیراعلیٰ شکایتی پورٹل کے نمائندے نے بھی رابطہ کیا اور انہیں آگاہ کیا کہ ڈی ای او نے اپنی "غلطیوں کا اعتراف” کیا ہے، جس کی بنیاد پر کیس کو بند کرنے کا عندیہ دیا گیا۔ تاہم، صورتحال نے ایک نیا رخ اس وقت اختیار کیا جب ڈی ای او نے ایک نئی اپرووڈ لسٹ جاری کی، جس میں ایک بار پھر انہی امیدواروں کے نام شامل ہیں جن پر پہلے اعتراضات سامنے آ چکے تھے۔

جب امیدواروں نے ڈی ای او سے وضاحت طلب کی تو انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ "سیکریٹری ایجوکیشن نے منٹس پر عمل نہیں کیا، اس لیے اب متعلقہ حکام سے رجوع کریں۔”

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ڈی ای او خضدار پر کرپشن کے الزامات بلوچستان کے متعدد اخبارات میں شائع ہو چکے ہیں، لیکن تاحال ان کے خلاف کوئی باضابطہ کارروائی عمل میں نہیں آئی۔

متاثرین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کروا کر میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں یقینی بنائیں اور بدعنوان افسران کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

About the Author

Quetta Voice is an English Daily covering all unfolding political, economic and social issues relating to Balochistan, Pakistan's largest province in terms of area. QV's main focus is on stories related to education, promotion of quality education and publishing reports about out of school children in the province. QV has also a vigilant eye on health, climate change and other key sectors.